Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سشانت کی موت، ذمہ دار کرن جوہر اور عالیہ بھٹ ہیں؟

شائع 18 جون 2020 10:09am

چودہ جون کو خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بالی وڈ انڈسٹری اور دیگر مشہور بھارتی شخصیات کو اداکار کی خود کشی کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات پر بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے شدید غصے کا اظہار کیا۔

سوارا بھاسکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’انڈیا میں ٹوئٹر پر بالی وڈ کے مہشور ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور اداکار کرن جوہر اور اداکارہ عالیہ بھٹ سے متعلق کچھ ہیش ٹیگ استعمال کر کے اُن پر یہ الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ سشانت سنگھ کی خودکشی کی وجہ کرن جوہر اور عالیہ بھٹ ہیں۔‘

مزید بات کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ ’جو لوگ بالی وڈ پر الزامات عائد کر رہے ہیں، وہ بیوقوفی کر رہے ہیں۔‘

نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی ٹوئٹر پر 'بائیکاٹ کرن جوہر گینگ مووی' ٹاپ ٹرینڈ رہا۔ اس بحث میں حصہ لینے والے صارفین کرن جوہر اور دیگر اسٹارز پر یہ الزام لگاتے نظر آئے کہ سشانت سنگھ راجپوت جیسے قابل اداکاروں کو نظر انداز کیا جاتا ہے اور ان کی تذلیل کی جاتی ہے جس سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔

سوارا بھاسکر نے لکھا کہ ’ایک مزاحیہ شو میں ہونے والی غیر سنجیدہ گفتگو کو سنجیدہ لیتے ہوئے بھارتی عوام کا کہنا ہے کہ کرن جوہر اور عالیہ بھٹ نے سشانت کا مذاق اُڑایا تھا جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن میں چلے گئے اور خودکشی کر لی۔‘

اداکارہ نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں لکھا کہ ’سشانت سنگھ نے خودکشی سے پہلے کوئی نوٹ نہیں چھوڑا، ہم نہیں جانتے کہ کس پریشانی کی وجہ سے انہوں نے اپنی جان لی۔‘

واضح رہے کہ کرن جوہر نے اپنے ایک شو میں جب عالیہ بھٹ سے سشانت سنگھ کے حوالے سے سوال کیا تھا تو اداکارہ نے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کون سشانت سنگھ؟ جس پر کرن جوہر اور عالیہ بھٹ نے سشانت سنگھ پر گفتگو کرتے ہوئے قہقہے لگانا شروع کر دیے تھے، یہی وجہ ہے کہ بھارتی شہری کرن جوہر اور عالیہ بھٹ کو ان کی موت کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔